نئی دہلی، 17؍نومبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا )سپریم کورٹ نے 500اور 1000 روپے کے کرنسی نوٹوں کو بند کرنے کے 8 ؍نومبر کے اپنے فیصلے کے خلاف ملک کی مختلف ہائی کورٹوں اور دیگر عدالتوں میں دائر مقدمات کی سماعت ملتوی کرنے کی مرکز کی تازہ اپیل پر کل سماعت کرنے کو آج منظوری دے دی۔جسٹس اے آر دوے اور جسٹس اے ایم کھانولکر کی بنچ نے مرکز کی طرف سے پیش ہوئے اٹارنی جنرل مکل روہتگی کی دلیل سے اتفاق کااظہار کیا کہ سپریم کورٹ کو چھوڑ کر مختلف عدالتوں میں کارروائی سے بہت الجھن پیداہو گا ۔بنچ نے 15؍نومبر کو نوٹ بندی کے حکومت کے نوٹیفکیشن کو ملتوی کرنے سے انکار کر دیا لیکن حکومت سے کہا کہ وہ عام لوگوں کی تکلیفوں کو کم کرنے کے لیے اقدامات اٹھائے ۔سپریم کورٹ میں دائر مفاد عامہ کی 4درخواستوں میں سے دو دہلی کے وکلاء، وویک نارائن شرما اور سنگم لال پانڈے نے دائر کی ہیں جبکہ ایس متھو کمار اور عادل علوی نے ایک ایک درخواست دائر کی ہے۔درخواست گزاروں نے الزام لگایا ہے کہ اچانک کئے گئے فیصلے سے افراتفری پیدا ہو گئی ہے اور عام لوگوں کو پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ وزارت خزانہ کے اقتصادی امور کے محکمہ کے نوٹیفکیشن یا تو ردکئے جائیں یا کچھ وقت کے لیے ملتوی کئے جائیں ۔